
اسلام آباد(ویب ڈیسک) سینئرصحافی انصار عباسی نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے درمیان ملک میں وسائل کی تقسیم کے فریم ورک پر ایک وسیع مفاہمت طے پا گئی ہے تاہم اس میں قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کو باضابطہ طور پر چھیڑا نہیں گیا۔
’’جیونیوز‘‘ کے مطابق دونوں جماعتوں کے درمیان ہونے والی بات چیت سے آگاہ ایک باخبر ذریعے نے بتایا کہ دونوں فریق اس بات پر متفق ہوئے ہیں کہ این ایف سی ایوارڈ کے فارمولے اور بی آئی ایس پی کے ڈھانچے کو برقرار رکھا جائے گا۔اس فیصلے کو مرکز کی مالی مشکلات کے حل اور موجودہ سماجی تحفظ اور وسائل کی تقسیم کے نظام کے تسلسل کو برقرار رکھنے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے تاہم مجوزہ نئے انتظام کے تحت صوبے مل کر 10کھرب روپے سے زائد مالی وسائل وفاق کو دیں گے، اس کی تفصیلات تکنیکی کمیٹیاں طے کریں گی۔
