
لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن )لندن کے وسطی علاقے میں دبئی کے حکمران اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے وزیراعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم کو سوڈان میں جاری جنگ میں یو اے ای کے مبینہ کردار پر ایک سوڈانی شخص کی جانب سے احتجاج کا سامنا کرنا پڑا۔
مڈل ایسٹ آئی کے مطابق اتوار کو سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک سوڈانی شخص لندن کے پوش علاقے نائٹس برج میں سڑک کے دوسری جانب سے محمد بن راشد المکتوم اور ان کے ہمراہ موجود افراد کو مخاطب کرتے ہوئے احتجاج کرتا ہے۔
سوڈانی شخص نے چیختے ہوئے کہا کہ ’’اماراتی اور یو اے ای سوڈانی عوام کو قتل کر رہے ہیں۔‘‘ اس نے مزید کہا کہ ’’یو اے ای میرے ملک میں لوگوں کو قتل کر رہا ہے، میرے لوگوں کو قتل کرنا بند کرو۔‘‘
وہ مزید متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید کا حوالہ دیتے ہوئے کہتا ہے، ’’محمد بن زاید، وہ میرے ملک میں لوگوں کو قتل کر رہے ہیں۔‘‘
دوسری جانب گزشتہ جمعرات کو اماراتی میڈیا نے رپورٹ کیا تھا کہ متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید نے لندن کے جمیرہ کارلٹن ٹاور ہوٹل میں دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم سے ملاقات کی تھی۔
