
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللّٰہ تارڑ نے سینئر ٹی وی اداکار محمد احمد کے ساتھ ایک ڈرامے کے سیٹ پر پیش آنے والے مبینہ واقعے کی مذمت کرتے ہوئے ابھرتے ہوئے فنکاروں کے لیے مینٹور شپ پروگرام متعارف کرانے کی تجویز پیش کر دی۔
روزنامہ جنگ کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں ان کا کہنا ہے کہ اس واقعے نے ٹی وی انڈسٹری میں بہتر رہنمائی اور پیشہ ورانہ ماحول کی ضرورت کو اجاگر کیا ہے۔
عطاء اللّٰہ تارڑ نے نے لکھا ہے کہ ڈرامے کے سیٹ پر سینئر ٹی وی فنکار محمد احمد کے ساتھ جو کچھ ہوا، وہ ناصرف قابلِ مذمت بلکہ انتہائی افسوس ناک ہے۔
وزیرِ اطلاعات کا یہ بیان چند روز قبل محمد احمد کی جانب سے ایک پوڈکاسٹ میں بیان کیے گئے واقعے کے بعد سامنے آیا، جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ایک ڈرامے کے مرکزی کردار ادا کرنے والے نسبتاً کم عمر اداکار نے شوٹنگ کے دوران ان کا مذاق اڑایا تھا۔
