
پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن) پشاور کے علاقے دیر کالونی میں سکول کی چھتیں گرنے کے افسوسناک حادثے کا مقدمہ تھانہ آغا میر جانی شاہ میں درج کر لیا گیا۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق ایف آئی آر متن میں کہا گیا ہے کہ حادثے میں 30 بچوں اور ایک خاتون ٹیچر کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے، جبکہ 52 افراد زخمی ہوئے۔
مقدمے کے متن میں سکول کی عمارت میں ناقص تعمیراتی میٹریل کے استعمال اور عمارت کے بوسیدہ و غیر موزوں ہونے کا ذکر کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق سکول کی دیواروں اور چھتوں کی خستہ حالی سے متعلق پہلے بھی شکایات کی گئی تھیں، تاہم بچوں کی جانب سے شکایات کے باوجود سکول انتظامیہ اور مالکان نے مبینہ طور پر کوئی شنوائی نہیں کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کے مقدمے میں نامزد ملزمان کی گرفتاری کیلئے کارروائی جاری ہے۔
