
بارسلونا (ارشد نذیر ساحل ) منہاج ویمن لیگ اسپین کے زیرِ اہتمام گزشتہ روزایک پُروقار، روح پرور اور ایمان افروز پروگرام بعنوان “استقبالِ ربیعُ الاول” اور “جشنِ آزادی” منعقد کیا گیا، جس میں خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآنِ مجید سے ہوا، جس نے محفل کے ماحول کو نورِ قرآن سے منور کر دیا۔ بعد ازاں نعت خوانوں اور نعتیہ گروپس نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں حمدِ باری تعالیٰ اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کیں۔
پاکستان کے یومِ آزادی کی مناسبت سے ملی نغمات بھی پیش کیے گئے، جنہیں حاضرین نے بھرپور جوش و جذبے اور حب الوطنی کے احساس کے ساتھ سنا اور خوب سراہا۔
محفل کے دوران ذکرِ مصطفیٰ ﷺ، درود و سلام اور محبتِ رسول ﷺ کی خوشبو سے فضا معطر رہی۔آخر میں دعا اور سلام کے ساتھ اس بابرکت محفل کا اختتام ہوا۔ دعا میں امتِ مسلمہ، پاکستان اور تمام انسانیت کے لیے امن و سلامتی، خیر و برکت اور ہدایت کی التجا کی گئی۔
