
پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن)خیبرپختونخوا حکومت پشاور میں واقع عمران خان کرکٹ سٹیڈیم پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو دینے کیلئے تیار ہے۔
نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے درمیان رابطوں کا سلسلہ جاری ہے اور شرائط طے کرنے کیلئے مذاکرات کے دو دور ہوچکے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت قذافی سٹیڈیم اور نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کے پی سی بی سے معاہدے کا بھی جائزہ لے رہی ہے۔
خیبر پختونخوا کے مشیر کھیل تاج محمد ترند کا کہنا ہے کہ ہم چاہتے ہیں یہاں بین الاقوامی کرکٹ بحال ہو۔
انہوں نے کہا کہ قذافی سٹیڈیم اور نیشنل سٹیڈیم کے معاہدوں کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ابھی پی سی بی کو سٹیڈیم حوالے کرنے کا فیصلہ نہیں ہوا۔
