
نیویارک (ڈیلی پاکستان آن لائن)یورپ کے بعد امریکہ میں بھی خطرناک گرمی کی وارننگ جاری کردی گئی ہے۔
نجی ٹی وی چینل ’’ جیو نیوز‘‘ کے مطابق امریکی نیشنل ویدر سروس نے وسطی اور مشرقی ریاستوں میں رواں ہفتے درجۂ حرارت 38 ڈگری تک جانے کی پیش گوئی کی ہے۔
گرمی کی لہر کئی دن تک برقرار رہے گی اور آئندہ جمعہ کو اس وقت اپنے عروج پر ہوگی جب یوم آزادی کی طویل تعطیلات شروع ہوں گی۔ منگل سے ہفتہ تک درجنوں شہروں میں روزانہ کے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کے ریکارڈ ٹوٹنے یا برابر ہونےکا امکان ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق یورپ میں درجۂ حرارت عالمی اوسط کے مقابلے میں دوگنی رفتار سے بڑھ رہا ہے، اس وقت تقریباً 15 کروڑ افراد شدید گرمی کی زد میں ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہےکہ یورپ کا بنیادی ڈھانچہ اتنی شدید گرمی برداشت کرنے کے لیے تیار نہیں کیا گیا، موسمیاتی تبدیلی اور عالمی حدت کے باعث جو شدید گرمی کی لہریں پہلے کئی دہائیوں میں ایک بار آتی تھیں، اب تقریباً ہر سال آنے لگی ہیں۔
