
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)محکمہ داخلہ پنجاب نے محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے اور سکیورٹی انتظامات کو مؤثر بنانے کے لیے صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ یکم سے 10 محرم الحرام، بمطابق 17 جون تا 26 جون، صوبہ بھر میں دفعہ 144 نافذ العمل رہے گی، جس کے تحت 7 مختلف قسم کی پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق محرم الحرام کے دوران صرف منظور شدہ جلوسوں اور مجالس کی اجازت ہوگی جبکہ کسی نئی روایت یا سرگرمی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
محکمہ داخلہ کے مطابق ڈبل سواری پر پابندی صرف 9 اور 10 محرم الحرام کو نافذ ہوگی، تاہم بزرگ شہری، خواتین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے دفعہ 144 کے نفاذ کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو عوامی آگاہی کے لیے حکم نامے کی وسیع پیمانے پر تشہیر کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔
