
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پی سی بی نے مینز ایشیا کپ رائزنگ سٹارز 2026 کے لیے پاکستان شاہینز سکواڈ کا اعلان کردیا۔
سما ٹی وی کے مطابق اے سی سی مینز ایشیا کپ رائزنگ سٹارز میں پاکستان شاہینز کی کپتانی عبدالصمد کے سپرد کی گئی ہے۔
عبدالصمد کی قیادت میں حسن نواز، معاذ صداقت، شامل حسین، حیدر علی، شاہزیب خان اور فرحان یوسف شامل ہیں۔ روحیل نذیر وکٹ کیپنگ کی ذمہ داریاں ادا کریں گے جبکہ سپنرز میں دانش عزیز، سعد مسعود اور سفیان مقیم سکواڈ کا حصہ ہوں گے۔
پاکستان شاہینز سکواڈ میں فاسٹ بولرز محمد حسنین، عمران رندھاوا، عاکف جاوید اور احمد دانیال کو بھی سلیکٹ کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ اے سی سی مینز ایشیا کپ رائزنگ سٹارز 2026 اس سال ون ڈے فارمیٹ میں کھیلا جائے گا جس میں پاکستان شاہینز آٹھ ٹیموں کے ٹورنامنٹ میں گروپ بی میں شامل ہے۔
پاکستان شاہینز 20 نومبر کو متحدہ عرب امارات، 22 نومبر کو بھارت اے اور 24 نومبر کو نیپال کا سامنا کرے گی۔
پاکستان شاہینز ٹیم اپنے پہلے میچ کے علاوہ تمام میچز ڈے نائٹ کھیلے گی۔ پاکستان شاہینز اے سی سی مینز ایشیا کپ رائزنگ سٹارز کے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ دونوں کی دفاعی چیمپئن ہے۔
