
لاہور (زین بابو) لیسکو کے بادامی باغ سب ڈویژن میں شہری بجلی کے مسائل کے حل کے لیے صبح سے دفتر کے باہر موجود، اووربلنگ اور شکایات کا بروقت ازالہ نہ ہونے پر شہریوں نے احتجاج کیا۔
ڈیلی پاکستان کے نمائندے زین بابو سے گفتگو کرتے ہوئے شہریوں نے بتایا کہ وہ صبح 9 بجے سے لیسکو کے بادامی باغ سب ڈویژن آفس کے باہر موجود ہیں، تاہم کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود ان کے بجلی کے بلوں سے متعلق مسائل حل نہیں کیے گئے۔شہریوں کا کہنا تھا کہ انہیں زائد بجلی کے بل موصول ہوئے ہیں اور وہ اپنے بلوں کی درستگی کے لیے لیسکو دفتر آئے ہیں، تاہم انہیں فوری ریلیف نہیں مل سکا۔
لیسکو عملے کے مطابق دفتر کے اوقات کار دوپہر ایک بجے تک ہیں، تاہم شہریوں کی شکایات کے باعث عملہ ساڑھے تین بجے تک دفتر میں موجود رہا۔ عملے نے مؤقف اختیار کیا کہ بعض صارفین کو کمپیوٹر کی غلطی کے باعث اووربلنگ کا سامنا کرنا پڑا، جس کا ازالہ کیا جائے گا۔
شہریوں نے حکومت اور لیسکو کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اووربلنگ کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے اور صارفین کو بجلی کے درست بل فراہم کیے جائیں تاکہ انہیں بار بار دفاتر کے چکر نہ لگانا پڑیں۔
