
نیویارک(ڈیلی پاکستان آن لائن)خلیج میں امن مذاکرات میں پیش رفت نہ ہونے کے باعث عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا جبکہ ایشیائی سٹاک مارکیٹس میں آج مجموعی طور پر بہتری دیکھی گئی اور بیشتر حصص کی قیمتیں اوپر گئیں۔
نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق امریکی روزگار کے حالیہ کمزور اعداد و شمار کے بعد سرمایہ کاروں کی جانب سے یہ توقع بڑھ گئی ہے کہ امریکی فیڈرل ریزرو فوری طور پر شرح سود میں اضافہ نہیں کرے گا جس کے باعث وال سٹریٹ کے مثبت رجحان کا اثر ایشیائی مارکیٹوں پر بھی پڑا۔
دوسری جانب آبنائے ہرمز سے متعلق صورتحال بدستور غیر یقینی کا شکار ہے۔ ایران نے اتوار کو کہا کہ عمان کے ساتھ آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کے لیے نئے راستوں کے تعین سے متعلق معاہدہ آخری مراحل میں ہے۔
تاہم تہران نے واضح کیا کہ امریکا کی جانب سے دیگر شرائط پوری کیے جانے تک آبی گزرگاہ کو دوبارہ معمول کے مطابق نہیں کھولا جائے گا۔
