
جدہ (محمد اکرم اسد) سعودی عرب میں معروف سماجی تنظیم میمن ویلفیئر سوسائٹی (MASA) کے زیر اہتمام چودہویں سالانہ تعلیمی ایوارڈ 2026 کی پروقار تقریب مقامی ہال میں نہایت تزک و احتشام سے منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی قونصل جنرل پاکستان جدہ سید مصطفی ربا نی تھے، قونصل جنرل نے اپنی تقریر میٰں ماسا کی خدمت انسانی کے کاموں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان قونصلیٹ انکے مثبت کاموں میں انکے شانہ پشانہ ہے، انہوں نے کہا کہ وہ کمیونٹی کیلئے جو خدمات انجام دے رہے ہیں وہ ہر پاکستانی کیلئے فخر کا مقام ہے تقریب میں طلباء و طالبات اور کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
تقریب سے پاکستان سے خصوصی طور پر آئے ہوئے معروف کاروباری و سماجی شخصیت حاجی محمد رفیق پردیسی نے بھی خصوصی خطاب کیا۔ انہوں نے MASA کی پوری ٹیم کو کمیونٹی میں اتحاد و اتفاق کے فروغ اور فلاحی خدمات پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے جدہ میں یونیورسٹی کے قیام کے حوالے سے بھی اپنی تجاویز پیش کیں اور اس ضمن میں کمیونٹی کی اجتماعی کوششوں کی اہمیت اجاگر کی۔
تقریب کی نظامت کے فرائض سراج آدم جی، جاوید خیرانی، عامر فاروق، سراج لالہ اور عمران مسکٹیا نے انجام دیئے۔ماسا کے صدر وسیم عبدالرزاق طائی نے اپنے استقبالیہ خطاب میں قونصل جنرل کو خوش آمدید کہتے ہوئے جدہ میں انکے کاموں کی تعریف کی انہوں نے تمام کامیاب طلباء و طالبات اور ان کے والدین کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔اس موقع پر نائب صدر ماسا خالد تنومہ نے بھی مختصر خطاب کیا اور طلباء کی حوصلہ افزائی کی۔ اس کے بعد جنرل سیکرٹری کلیم جیت پور والا نے نئی نسل سے خطاب کیا۔تقریب کے دوران مرحوم عبدالستار ایدھی کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اس موقع پر ایدھی ایوارڈ جناب عمران مسکٹیا کو ان کی سماجی و فلاحی خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔ یہ ایوارڈ مہمان خصوصی سید مصطفی ربانی کے دست مبارک سے پیش کیا گیا۔ جیسے ہی میزبان سراج آدم جی نے ایدھی ایوارڈ کے لیے عمران مسکٹیا کا نام پکارا تو پورا ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔اس موقع پر خصوصی طور پر ایجوکیشن کمیٹی کے سربراہ عمران امین اور ان کی ٹیم، ایونٹ کمیٹی کے سربراہ عقیل تیلی اور ان کی ٹیم، میڈیا ونگ میں تعاون پر جناب فرحان محمد امین، تمام رضاکاروں، ینگ ہوسٹ اور ماسا لیڈیز ونگ کی شاندار ٹیم ورک کا خصوصی شکریہ ادا کیا گیا۔ تقریب کے اختتام پر تعلیمی کامیابیاں حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات، ان کے والدین اور سماجی و فلاحی خدمات انجام دینے والی شخصیات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ MASA آئندہ بھی تعلیم کے فروغ، نوجوان نسل کی حوصلہ افزائی، کمیونٹی کے اتحاد اور فلاحی سرگرمیوں کے تسلسل کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی#
