
تہران(ڈیلی پاکستان آن لائن)نائب ایرانی وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا ہے کہ ایرانی قوم دباؤ کے سامنے نہیں جھکتی، کسی بیرونی طاقت کو اپنے معاملات میں مداخلت کی اجازت نہیں دیتے، ہم اپنے مستقبل اور مقدر کا فیصلہ خود کرتے ہیں۔
اپنے بیان میں کاظم غریب آبادی نے کہا کہ 19 اگست 1953 کو ایرانی قوم کے حق خود ارادیت پر ڈاکا ڈالا گیا، تاریخی حقیقت کو نہ چھپایا جا سکتا ہے اور نہ ہی فراموش کیا جا سکتا ہے، کسی بھی ملک میں بیرونی مداخلت عوام کے حق حاکمیت کی خلاف ورزی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نسلیں بدل جاتی ہیں لیکن حقیقت ہمیشہ برقرار رہتی ہے، جو ملک اپنا مقدر غیر ملکیوں کے سپرد کرتا ہے اسے بھاری قیمت چکانا پڑتی ہے۔
