
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید فرہاد علی شاہ کا اہم فیصلہ لیتے ہوئے احساس کفالت پروگرام میں مستحقین سے ایک ہزار روپے کمیشن لینے کے الزام میں دو ملزمان کی بعد از گرفتاری ضمانت منظور کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دیدیا۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید فرہاد علی شاہ نے محمد اختر اور محمد انصر کی درخواست ضمانت پر فیصلہ سنایا، عدالت نے قرار دیا کہ موجودہ مقدمہ مزید تحقیقات کے زمرے میں آتا ہے اور ملزمان کا جرم میں کردار ٹرائل کورٹ شہادتیں ریکارڈ ہونے کے بعد طے کرے گی، عدالت نے واضح کیا کہ ضمانت کے مرحلے پر عدالت شواہد کا گہرا جائزہ لے کر ملزمان کی گنہگاری یا بے گناہی کا حتمی فیصلہ نہیں کر سکتی۔
عدالت نے دونوں ملزمان کی بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے انہیں ایک، ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے اور دو، دو ضامن پیش کرنے کا حکم دیا، عدالت نے واضح کیا کہ فیصلے میں دی گئی تمام آبزرویشنز صرف ضمانت کی درخواست تک محدود اور عارضی نوعیت کی ہیں اور ٹرائل کورٹ مقدمہ کا فیصلہ آزادانہ طور پر میرٹ پر کرے گی۔
