
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ وزارت داخلہ کے تمام اداروں کو جدید خطوط پر مکمل طور پر تبدیل کرنا ہمارا ہدف ہے، وزارت داخلہ کے ہر ذیلی ادارے کو مثالی اور عوام دوست بنانا چاہتے ہیں۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت وزارت داخلہ کے تمام ذیلی اداروں کے سربراہان کا اہم اجلاس ہوا جس میں وزارت داخلہ کے اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے، باہمی رابطے مضبوط کرنے اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ اصلاحات نافذ کرنے کے پلان پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری نے کہا کہ وفاقی اداروں میں کام نہ کرنے کا کلچر تھا، ہم نے اس سوچ کو بدلا ہے، تمام اداروں کو ٹارگٹ بیسڈ، نتیجہ خیز اور کارکردگی پر مرکوز انداز میں کام کرنا ہوگا۔
اجلاس میں وزارت داخلہ کے ذیلی اداروں کے سربراہان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی کی قیادت میں وزارت داخلہ کے اداروں میں بنیادی اور مثبت تبدیلیاں آئی ہیں۔
