
سوات(ڈیلی پاکستان آن لائن)سوات میں تھانہ کبل کے قریب فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خودکش حملے میں شہداء کی تعداد 17 ہوگئی، حملے میں 7 پولیس اہلکار اور 10 شہری شہید جبکہ 23 زخمی ہوئے ہیں، دوسری جانب حملے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل’’ دنیا نیوز ‘‘کے مطابق ریسکیو ترجمان کا کہنا ہے کہ کبل خودکش دھماکے میں زخمی پولیس کانسٹیبل مکرم خان ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا، مکرم خان زخمی ہونے کے بعد سیدوشریف ہسپتال میں زیر علاج تھا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق حملہ خودکش تھا، جبکہ جائے وقوعہ سے حملہ آور کا سر بھی ملا ہے، بم ڈسپوزل سکواڈ دھماکے کی نوعیت اور استعمال ہونے والے بارودی مواد کا جائزہ لے رہا ہے، جبکہ ممکنہ سہولت کاروں کی گرفتاری کیلئے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
