
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب آج گورننس اور ترقی میں آگے ہے، پنجاب کی ترقی کو دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق ٹریننگ کالج چوہنگ میں لیڈی پولیس افسران کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب کی ہونہار، ہمت والی بیٹیوں کو دیکھ کر خوشی ہوئی، بچیوں کے درمیان کھڑے ہو کر فخر اور جذبات بڑھ جاتے ہیں، بچیوں نے 40 ہفتوں کی ٹریننگ مکمل کی۔
انہوں نے کہا کہ بچیوں پر یقین کرنے والے والدین قابل تحسین ہیں، خواتین تمام اداروں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں، پنجاب میں خواتین با اختیار بن رہی ہیں، یہ میرے لیے فخر کا مقام ہے۔
