
نیویارک(ڈیلی پاکستان آن لائن)امریکا کی وفاقی عدالت نے آصف مرچنٹ کو تین سو تیس ماہ کی سزائے قید سنادی۔ اٹارنی جنرل ٹاڈ بلانچ نے اڑتالیس برس کے آصف مرچنٹ کو ایرانی ایجنٹ قرار دیا۔
اٹارنی جنرل نے دعویٰ کیا کہ آصف مرچنٹ امریکا اس مقصد کے لیے آیا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے قتل کی سازش میں رابطہ کاری کرسکے۔
امریکی اہلکار نے دعویٰ کیا کہ پاسداران انقلاب نے ایرانی فوج کے کمانڈر قاسم سلیمانی کے قتل کا بدلہ لینے کے لیے مرچنٹ کو امریکا بھیجا تھا۔
وفاقی جیوری نے مرچنٹ پر مارچ میں فرد جرم عائد کی تھی۔ مرچنٹ کو ڈسٹرکٹ جج اریک نے بروکلین کی عدالت میں سزا سنائی۔
مرچنٹ نے کرائے کے قاتل کو پانچ ہزار ڈالر بھی دیے تھے مگر مرچنٹ کو ٹیکساس کے شہر رچمند سے بارہ جولائی کو اس وقت گرفتار کرلیا گیا تھا جب وہ امریکا چھوڑنے والا تھا۔
