
لاہور(ڈویلپمنٹ سیل) نیشنل آئی ٹی بورڈ کی تیار کردہ پاک حج ایپ پر سرکاری عازمین کے لیے متعدد نئے فیچرز متعارف کرا دیئے گئے، جن کے ذریعے عازمین حج کو حج انتظامات سے متعلق مختلف امور کے لئے دفاتر کے چکر لگانے اور قطاروں میں انتظار کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق عازمین حج اب گھر بیٹھے پاک حج ایپ یا حج پورٹل کے ذریعے اپنے حج پیکیج کے دورانیے اور رہائش کی نوعیت میں ترمیم کر سکتے ہیں۔ عازمین کے لیے 2 بیڈ،3 بیڈ کے الگ کمرے، 4 تا 6 افرد کے گروپ کے لیے فیملی روم یا شیئرنگ رہائش کے انتخاب کی سہولت بھی فراہم کر دی گئی ہے۔سرکاری حج سکیم کے کامیاب عازمین لانگ حج پیکیج کو شارٹ حج پیکیج جبکہ شارٹ حج پیکیج کو لانگ حج پیکیج میں تبدیل کرنے کی درخواست بھی آن لائن دے سکتے ہیں۔ پیکیج یا رہائش میں تبدیلی کی سہولت کا مقصد عازمین کو اپنی ضروریات کے مطابق حج انتظامات میں آسانی فراہم کرنا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ پرائیویٹ حج سکیم کے تحت اب تک تقریباً 26 ہزار درخواستیں مکمل ہو چکی ہیں جبکہ 45 ہزار نشستیں دستیاب ہیں۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ 45 فیصد سے پرائیویٹ عازمین حج نے ڈیجیٹل پورٹل پر موجود ون لنک کے ذریعے قریباً 10 ارب روپے آن لائن جمع کروائے ہیں۔ وزارت نے مزید ہدایت کی ہے کہ پرائیویٹ حج کے لیے صرف مجاز ذرائع اور سرکاری ڈیجیٹل نظام استعمال کریں۔
