
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)شوہر کی وفات کے 40 روز بعد بیوہ پر مبینہ تشدد اور سر کے بال کاٹنے کے الزام میں نند اور بہنوئی کو گرفتار کرلیا گیا۔
نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون نے 15 پر کال کرکے مدد طلب کی، جس پر لوئر مال پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزمہ نگینہ اور اس کے خاوند خرم کو حراست میں لے لیا۔
متاثرہ خاتون نے مؤقف اختیار کیا کہ شوہر کی وفات کے صرف 40 روز بعد سسرالیوں نے اسے مبینہ تشدد کا نشانہ بنایا اور اس کے سر کے بال کاٹ دیئے۔
ملزمان نے دورانِ عدت اسے تین بچوں سمیت گھر سے نکالنے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں۔ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق ملزمان کے خلاف تھانہ لوئر مال میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
