محفوظ پنجاب، محفوظ سڑکیں، حادثات کی روک تھام کے لیے ڈرائیورز کی میڈیکل فٹنس لازمی قرار دینے کا فیصلہ

سافٹ ویئر Oct 28, 2026 IDOPRESS

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے ٹرانسپورٹرز کے ساتھ روڈ سیفٹی اور اسموگ کے حوالے سے خصوصی سیمینار؛ ڈرائیورز کے طبی و نفسیاتی معائنے کے لیے موبائل میڈیکل کیمپس اور خصوصی کاؤنٹرز قائم کرنے کا اعلان کردیا


وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن ’’محفوظ پنجاب، محفوظ سڑکیں‘‘ کے تحت ٹریفک حادثات کی روک تھام اور اسموگ پر قابو پانے کے لیے لاہور ٹریفک پولیس نے مؤثر اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کی زیرِ صدارت ٹرانسپورٹرز کے ساتھ روڈ سیفٹی اور اسموگ کے حوالے سے خصوصی سیمینار منعقد ہوا، جس میں تنویر احمد جٹ کی قیادت میں بس اونرز، مزدا، منی گڈز، ٹرک ٹرانسپورٹ اور ٹریکٹر ٹرالی ایسوسی ایشنز کے نمائندوں نے شرکت کی۔


سیمینار کے دوران سی ٹی او لاہور نے ٹرانسپورٹرز اور ڈرائیورز سے براہِ راست گفتگو کی، ان کے مسائل سنے اور انہیں ٹریفک قوانین پر مؤثر عملدرآمد کی اہمیت سے آگاہ کیا۔ ڈرائیورز کی طبی جانچ کے لیے میڈیکل کیمپس بھی قائم کیے گئے، جہاں مختلف طبی معائنے کیے گئے۔سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ شہریوں، ڈرائیورز اور دیگر تمام افراد کے جان و مال کا تحفظ لاہور ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ حادثات کی روک تھام کے لیے گاڑی کی فٹنس کے ساتھ ڈرائیور کی جسمانی اور ذہنی صحت کو یقینی بنانا بھی ضروری ہے۔ اسی مقصد کے تحت ڈرائیورز کے طبی و نفسیاتی معائنے کے لیے موبائل میڈیکل کیمپس لگائے جائیں گے، جبکہ سروسز ہسپتال اور میاں منشی ہسپتال میں ڈرائیورز کے میڈیکل معائنے کے لیے خصوصی کاؤنٹرز قائم کیے جا رہے ہیں۔


انہوں نے بتایا کہ ڈرائیورز کو مفت میڈیکل معائنے، آنکھوں کے ٹیسٹ اور نفسیاتی پروفائلنگ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ معائنے کے دوران نظر، کلر بلائنڈنس، عمومی طبی فٹنس اور نفسیاتی صحت کا جائزہ لیا جائے گا تاکہ سڑکوں پر صرف ایسے ڈرائیورز گاڑیاں چلائیں جو محفوظ ڈرائیونگ کے لیے موزوں ہوں۔سی ٹی او لاہور نے کہا کہ لاہور میں فضائی آلودگی اور اسموگ کے بڑے اسباب میں گاڑیوں سے خارج ہونے والا دھواں شامل ہے۔ اسموگ پر قابو پانے کے لیے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی اور ٹرانسپورٹرز کے تعاون سے احتیاطی اقدامات مزید مؤثر بنائے جائیں گے۔انہوں نے ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کی کہ اوور اسپیڈنگ کی روک تھام کے لیے گاڑیوں میں کیمرے نصب کروائے جائیں، جبکہ رات کے وقت حادثات سے بچاؤ کے لیے بیک لائٹس اور ریفلیکٹرز کو ہر صورت فعال رکھا جائے۔ ریت اور مٹی لے جانے والی ٹریکٹر ٹرالیوں اور دیگر متعلقہ گاڑیوں کو ترپال سے ڈھانپنا لازم ہوگا تاکہ سڑکوں پر مٹی اور گردوغبار پھیلنے سے روکا جا سکے۔


سی ٹی او لاہور نے واضح کیا کہ تمام ٹرانسپورٹرز اپنے ڈرائیورز کا مکمل ریکارڈ فراہم کرنے اور صرف لائسنس یافتہ ڈرائیورز سے گاڑیاں چلوانے کے پابند ہوں گے۔ لاہور میں مال بردار گاڑیوں کے داخلے کے مقررہ اوقات اور دیگر پابندیوں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ ٹرانسپورٹرز اپنے ڈرائیورز کو اوور اسپیڈنگ، لین کی خلاف ورزی اور دیگر خطرناک ڈرائیونگ سے روکنے کے بھی ذمہ دار ہوں گے۔سیمینار کے اختتام پر ٹرانسپورٹرز نے روڈ سیفٹی، ٹریفک حادثات کی روک تھام اور اسموگ کنٹرول کے لیے لاہور ٹریفک پولیس کے اقدامات میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔لاہور ٹریفک پولیس کا عزم ہے کہ محفوظ ڈرائیور، ذمہ دار ٹرانسپورٹر اور قانون پر عملدرآمد ہی محفوظ سڑکوں کی ضمانت ہیں۔

آل اسٹار ٹیکنالوجی آن لائن ٹیکنالوجی: ٹیک، AI، ایرو اسپیس، بایوٹیک، اور توانائی کی خبروں کے لیے آپ کا ذریعہ

آرین اسٹار ٹیکنالوجی، ایک ٹیکنالوجی نیوز پورٹل۔ ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، بائیوٹیکنالوجی، ڈیٹا اور دیگر شعبوں میں تازہ ترین پیشرفت کی اطلاع دینے کے لیے وقف ہے۔
© ایرن اسٹار ٹیکنالوجی رازداری کی پالیسی ہم سے رابطہ کریں