
ساہیوال(ڈیلی پاکستان آن لائن)ساہیوال میں اغواء، مبینہ زیادتی اور قتل کی سنگین واردات میں مطلوب 3 ملزمان مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ہلاک ہو گئے ہیں۔
نجی ٹی وی چینل’’ اے آر وائی نیوز‘‘ کے مطابق پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزمان کی شناخت عدنان، شوکت اور شعیب کے ناموں سے ہوئی ہے، مقابلے کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے ایک کانسٹیبل محمد بلال بھی زخمی ہوا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے اسلحہ اور موٹر سائیکل بھی قبضے میں لے لی ہے۔
ترجمان پولیس کے مطابق یہ ملزمان 14 سالہ مقتول حسن قادر کے اغواء، اس کے ساتھ مبینہ زیادتی اور پھر بے دردی سے قتل کرنے کے مقدمے میں ملوث تھے۔
ترجمان پولیس نے مزید بتایا کہ ملزمان نے مقتول کا گلہ کاٹ کر اس کی لاش کھیتوں میں پھینک دی تھی اور روپوش ہو گئے تھے۔ پولیس ان ملزمان کی تلاش میں تھی۔
