
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سوئی ناردرن اور سوئی سدرن گیس کمپنیوں نے گیس کی اوسط قیمتوں میں اضافے کے لیے درخواستیں اوگرا میں جمع کرا دیں۔
جیو نیوز کے مطابق سوئی گیس کمپنیوں نے گیس کی قیمتوں میں اضافہ رواں مالی سال یکم جولائی سے نافذ کرنے کی درخواست کی ہے۔
سوئی ناردرن نے گیس کی اوسط قیمت میں 10 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافے کی تجویز دی ہے جس کے بعد اوسط قیمت 1702 روپے سے بڑھا کر 1712 روپے 40 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
دوسری جانب سوئی سدرن نے گیس کی اوسط قیمت میں 366 روپے 75 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافے کی درخواست کی ہے، درخواست میں اوسط قیمت 2071 روپے 75 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
اوگرا سوئی ناردرن اور سوئی سدرن کی درخواستوں پر سماعت کے بعد گیس کی قیمتوں سے متعلق فیصلہ کرے گا۔
