
اسلام آباد (ویب ڈیسک) اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے گریڈ 19 کے پولیس سروس آف پاکستان (PSP) کے افسر ندیم حسین کو پی ایچ ڈی مکمل کرنے میں ناکامی پر 8.69 ملین روپے (86 لاکھ 89 ہزار 890 روپے) سرکاری خزانے میں واپس جمع کرانے کا حکم دے دیا ہے۔
نیوز ویب پروپاکستانی کے مطابق اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے افسر کی اسٹڈی لیو (تعلیمی رخصت) کو بغیر تنخواہ کے غیر معمولی رخصت میں بھی تبدیل کر دیا ہے۔ ندیم حسین کو پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرنے کے لیے یکم ستمبر 2019 سے 19 جولائی 2022 تک رخصت دی گئی تھی، تاہم وہ مقررہ مدت کے اندر اپنی ڈگری مکمل کرنے میں ناکام رہے۔
نتیجے کے طور پر، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے اس مدت کے دوران انہیں ادا کیے گئے 8,689,890 روپے کو قابلِ واپسی قرار دیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ وہ یہ رقم اوور پیمنٹس کی وصولی کے لیے مخصوص کردہ اکاؤنٹ ہیڈ C03824 کے تحت سرکاری خزانے میں جمع کروائیں۔
متعلقہ افسر کو نوٹیفیکیشن جاری ہونے کی تاریخ سے تین ماہ کا وقت دیا گیا ہے کہ وہ رقم کی ادائیگی کر کے ادائیگی کا ثبوت فراہم کریں، اور تعمیل نہ کرنے کی صورت میں یہ نوٹیفیکیشن کالعدم تصور ہوگا۔ بلوچستان حکومت کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ مدت کے اندر اس رقم کی وصولی کو یقینی بنائے اور تعمیل کی رپورٹ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو ارسال کرے۔اس کے علاوہ یہ وصولی کا حکم نامہ افسر کی ذاتی فائل میں بھی درج کر دیا گیا ہے۔
