
لاہور(ڈیلی پاکستان آن الئن)پاکستانی فلم سٹار ارباز خان نے اداکارہ خوشبو خان سے اپنی طلاق کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں کے درمیان طلاق نہیں ہوئی بلکہ ہم علیحدہ رہ رہے ہیں۔
روزنامہ جنگ کے مطابق ارباز خان نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز معروف فلم ساز سید نور کی فلم ’گھونگھٹ‘ سے کیا تھا، جبکہ انہوں نے پنجابی اور پشتو فلموں میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔
ارباز خان معروف پشتو فلم اداکار آصف خان کے بیٹے ہیں، انہوں نے 2004ء میں فلم اداکارہ خوشبو خان سے شادی کی تھی اور دونوں کے 2 بیٹے اریان خان اور شایان خان ہیں۔
ارباز خان کا کہنا ہے کہ لوگ اکثر مجھ سے طلاق کے بارے میں سوال کرتے ہیں، تاہم ہر شخص کی ذاتی زندگی ہوتی ہے اور میں اپنی نجی زندگی کو عوام کے سامنے لانا پسند نہیں کرتا۔
انہوں نے بتایا کہ دونوں بیٹے اپنی والدہ خوشبو خان کے ساتھ رہتے ہیں، وہ مجھ سے ملنے آتے ہیں جبکہ میں خود بھی بچوں سے ملاقات کے لیے لاہور جاتا ہوں، بڑا بیٹا او لیولز مکمل کر چکا ہے اور میرے بچوں کے ساتھ تعلقات خوش گوار ہیں۔
