
پیرس(زاہد مصطفیٰ اعوان)پاکستان مسلم لیگ (ن) فرانس کے صدر میاں محمد حنیف، جنرل سیکرٹری رانا محمود علی خان اور انفارمیشن سیکرٹری راجہ محمد اشفاق نے بیرسٹر افتخار گیلانی کو وزیراعظم آزاد کشمیر کا حلف اٹھانے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
میاں محمد حنیف نے اپنے تہنیتی بیان میں کہا کہ بیرسٹر افتخار گیلانی پرانے مسلم لیگی گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں، جن کے خاندان نے مسلم لیگ کے لیے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں۔ نومنتخب وزیراعظم نوجوان، اعلیٰ تعلیم یافتہ اور نہایت سلجھی ہوئی شخصیت کے مالک ہیں، اور ان کی صلاحیتوں سے آزاد کشمیر میں مثبت تبدیلی کی توقع کی جا سکتی ہے۔
جنرل سیکرٹری رانا محمود علی خان نے کہا کہ کشمیر کے موجودہ حالات کے تناظر میں قائد مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف کی جانب سے بیرسٹر افتخار گیلانی کو وزیراعظم کے لیے نامزد کرنا ایک نہایت مثبت اور دوراندیش فیصلہ ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نومنتخب وزیراعظم آزاد کشمیر کے عوام کی بہتر انداز میں خدمت کریں گے۔
انفارمیشن سیکرٹری راجہ محمد اشفاق نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ بیرسٹر افتخار گیلانی اپنے قائد میاں نواز شریف کی توقعات پر پورا اتریں گے اور آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی، عوامی مسائل کے حل اور خطے کے بہتر مستقبل کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔
مسلم لیگ (ن) فرانس کے رہنماؤں نے بیرسٹر افتخار گیلانی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں نئی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھانے کی توفیق عطا فرمائے۔
