
چارسدہ(ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ریاست امن و امان برقرار رکھنے کی اپنی ذمہ داری پوری کرے گی اور قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے فیڈرل کانسٹیبلری ٹریننگ سینٹر چارسدہ شب قدر کا دورہ کیا، اینٹی رائٹ ونگ کی خصوصی تربیتی مشقوں کا معائنہ کیا اور اہلکاروں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں، جدید تربیت اور آپریشنل تیاری کو سراہا۔
انہوں نے اینٹی رائٹ ونگ کے اہلکاروں کی مختلف عملی مشقیں دیکھیں، اہلکاروں نے ہجوم کو کنٹرول کرنے، حساس مقامات کے تحفظ، پرتشدد صورتحال سے نمٹنے اور امن و امان برقرار رکھنے سے متعلق اپنی پیشہ وارانہ مہارت کا عملی مظاہرہ کیا۔
آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری، ڈی آئی جی ٹریننگ، ڈی او ایف سی اور دیگر اعلیٰ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔
