
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)بین الاقوامی کرکٹ میں پاکستان کے موجودہ ٹیسٹ کپتان بابر اعظم نے سابق کپتان عمران خان کا تاریخی ریکارڈ برابر کردیا۔
روزنامہ جنگ کے مطابق گزشتہ روز پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی تھی۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز کی اس سیریز میں کپتان بابر اعظم نے 4 اننگز میں 193 رنز بنائے، سیریز میں ان کی اوسط 96.50 رہی اور وہ سیریز کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر رہے۔
بابر اعظم نے پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 23 رنز بنائے اور دوسری اننگز میں ذمہ دارانہ نصف سنچری اسکور کی۔ دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں انہوں نے 88 اور سیریز کی آخری اننگز میں 30 گیندوں پر ناقابلِ شکست 24 رنز بنائے۔
یوں بابر اعظم نے عمران خان اور وسیم اکرم کے ساتھ مشترکہ طور پر پاکستان کی جانب سے بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ 10 پلیئر آف دی سیریز ایوارڈز جیتنے کا اعزاز حاصل کرلیا، جبکہ وقار یونس اس فہرست میں 9 ایوارڈز کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔
