
واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ’’ایران کے ساتھ طے پانے والے معاہدے میں اقتصادی پابندیوں میں نرمی شامل نہیں ہے۔‘‘
صحافیوں کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہ آیا اس معاہدے کے تحت ایران کو پابندیوں سے ریلیف ملے گا، ٹرمپ نے مختصر جواب دیا کہ ’’نہیں، ایسا نہیں ہے، یہ دراصل رویئے سے متعلق معاملہ ہے۔ اگر وہ وہی کریں گے جو انھیں کرنا چاہیے تو پھر اس کے اثرات خود بخود سامنے آنا شروع ہو جائیں گے۔‘‘امریکہ اور ایران کے درمیان طے پانے والی مفاہمت کی یادداشت کے بارے میں پوچھے جانے پر ٹرمپ نے کہا کہ اس کا متن ’’بہت جلد‘‘ جاری کیا جائے گا، اور یہ بھی کہا کہ غالباً یہ جمعہ کو دستخط ہونے کے بعد جاری ہو گا۔
بعد ازاں ٹرمپ نے لبنان اور حزب اللہ کے درمیان جاری کشیدگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ ایک پیچیدہ تنازع ہے اور امریکہ اس مسئلے کا حل تلاش کرنے کی کوشش کر رہا ہے، ہم دیکھنا چاہتے ہیں کہ آیا ہم اس تنازع کو مکمل طور پر ختم کر سکتے ہیں۔‘‘
ٹرمپ کے بقول لبنان کی صورتحال طویل عرصے سے جاری ہے اور ’’ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یہ تنازع کبھی ختم ہی نہیں ہوتا۔‘‘
