
واشنگٹن(ڈیلی پاکستان آن لائن)امریکہ کے نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے ساتھ فوجی تنازعے کو ’لامتناہی جنگ‘ میں تبدیل نہیں ہونے دیں گے۔
بی بی سی اردو کے مطابق انھوں نے مشرقِ وسطیٰ میں امریکی حکومت کی فوجی پالیسی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ طویل جنگوں کی مخالفت کا مطلب ہر قسم کی فوجی طاقت کے استعمال کی مخالفت نہیں ہے۔
وینس ٹیکساس کی ریاست کے شہر فورٹ ورتھ میں ووٹرز کے ساتھ سوال و جواب کی ایک نشست میں گفتگو کر رہے تھے، جسے فاکس نیوز نے نشر کیا۔
وہ ایک رپبلکن ووٹر کے سوال کا جواب دے رہے تھے، جس نے پوچھا تھا کہ آیا ٹرمپ انتظامیہ نے بیرونِ ملک مہنگی جنگوں کے خاتمے کا اپنا وعدہ پورا کیا ہے یا نہیں۔
امریکی نائب صدر نے عراق میں اپنی فوجی خدمات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’میں مشرقِ وسطیٰ میں فوجی مہم جوئی سے متعلق عوام کی مایوسی کو سمجھتا ہوں۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ ’ہم تقریباً سات ماہ سے کسی نہ کسی شکل میں ایران کے معاملے میں مصروف ہیں۔ امریکہ 47 برس سے ایران سے نمٹ رہا ہے، اور میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے معاملے کو ایک لامتناہی جنگ میں تبدیل نہیں ہونے دیں گے۔‘
وینس نے مزید کہا کہ بیرونِ ملک طویل فوجی مداخلتوں کی مخالفت کا یہ مطلب نہیں کہ امریکہ فوجی طاقت کے استعمال سے مکمل طور پر گریز کرے۔
انھوں نے زور دیا کہ ٹرمپ امریکی اہداف حاصل کریں گے اور اس کے بعد حکومت اپنی دیگر ترجیحات پر توجہ مرکوز کر سکے گی۔
