
کوئٹہ(ڈیلی پاکستان آن لائن) بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں، فتنہ الہندوستان کے مزید 4 دہشت گرد جہنم واصل کر دیئے گئے۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے پنجگور کے علاقے اپھان کوہ، پروم میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر آپریشن کیا۔
آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز کا علاقے میں موجود دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے 4 دہشت گرد جہنم واصل ہو گئے۔
فتنہ الہندوستان کے جہنم واصل دہشت گردوں کےقبضے سے بڑی مقدارمیں جدید اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران اپنے دستوں کی قیادت فرنٹ سے کرنے والے دو بہادر افسران اور 4 جوانوں نے بھی جامِ شہادت نوش کیا، شہید ہونے والوں میں 23 سالہ کیپٹن ابوزر فاروق، ساکن ضلع گوجرانوالہ، اور 22 سالہ لیفٹیننٹ شیراز بابر، ساکن ضلع چکوال، شامل ہیں۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق دونوں افسران نے اپنے چار جوانوں کے ہمراہ بہادری سے لڑتے ہوئے مادرِ وطن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
