
پیرس(زاہد مصطفیٰ اعوان)فرانس میں پاکستان کی سفیر ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستانی سفارتی مشن کا بنیادی مقصد پاکستان اور فرانس کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا اور فرانس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو معیاری سفارتی و قونصلر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔
پیرس میں مقیم پاکستانی صحافیوں سے ملاقات کے دوران سفیر ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ سفارت خانہ پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مسلسل اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاسپورٹ، نادرا شناختی کارڈ، دستاویزات کی تصدیق اور دیگر قونصلر خدمات کو مزید مؤثر، تیز اور آسان بنانے کے لیے مختلف تجاویز پر سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ فرانس میں مقیم پاکستانیوں کی خدمت اور ان کے مسائل کا بروقت ازالہ سفارت خانے کی اولین ترجیح ہے۔
ان کے مطابق قونصلر خدمات کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے، طریقہ کار کو سہل بنانے اور کمیونٹی کی رسائی بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔سفیر ممتاز زہرا بلوچ نے بتایا کہ پیرس میں پاکستان کا سفارت خانہ ان چند سفارتی مشنز میں شامل ہے جو تعطیلات کے دوران بھی پاکستانی شہریوں کی ضروریات پوری کرنے اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے خدمات فراہم کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ مسلسل رابطہ، ان کے مسائل کا جائزہ لینا اور ہر ممکن تعاون فراہم کرنا سفارت خانے کی اہم ذمہ داریوں میں شامل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فرانس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی پاکستان اور فرانس کے درمیان دوطرفہ تعلقات، عوامی روابط اور باہمی تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔سفیر ممتاز زہرا بلوچ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سفارت خانہ قونصلر خدمات کے معیار میں مزید بہتری لانے کے ساتھ ساتھ پاکستانی کمیونٹی سے باقاعدہ مشاورت کا سلسلہ بھی جاری رکھے گا تاکہ ان کی ضروریات کے مطابق بہتر اور جدید سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
