
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے خبردار کیا ہے کہ درآمدات میں اضافے اور ترسیلاتِ زر کی رفتار میں کمی کے باعث پاکستان کی بیرونی مالیاتی پوزیشن کمزور ہو سکتی ہے.
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق آئی ایم ایف نے زرمبادلہ کے ذخائر کو محفوظ رکھنے کیلئے شرحِ مبادلہ میں لچک برقرار رکھنے اور بڑھتی مہنگائی پر قابو پانے کیلئے مانیٹری پالیسی مزید سخت کرنے پر زور دیا ہے۔
آئی ایم ایف نے پاکستان کے بارے میں یہ مشاہدات مشرقِ وسطیٰ اور وسطی ایشیا سے متعلق اپنی علاقائی رپورٹ میں پیش کئے جو گزشتہ ہفتے عالمی بینک اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں کے ایک ہفتے بعد گزشتہ روز جاری کی گئی۔
مالیاتی محاذ پر آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ خطے کی متعدد معیشتوں میں 2026 کے دوران مالیاتی پالیسی نسبتاً نرم ہونے کی توقع ہے، جبکہ 2027 سے مالیاتی استحکام اور اخراجات میں ضبط کی پالیسی دوبارہ شروع ہو سکتی ہے۔
