
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) مسلم لیگ (ن )کے رہنما سینیٹر عابد شیر علی نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں امن و امان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے، دہشت گردوں کے خلاف صف بندی کریں گے۔خیبر پختونخوا میں دہشتگردوں اور انکے سہولت کاروں کیخلاف گرینڈ آپریشن کریں گے۔
’’24نیوز ‘‘ کے مطابق سینیٹر عابد شیر علی نے وفاقی دارالحکومت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف گرینڈ آپریشن کریں گے،خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے خطرات کا خاتمہ کریں گے،صوبے میں ترقی اور سیکیورٹی کے معاملات کو بہتر انداز میں کنٹرول کریں گے.عوام کو نظر آئے گا کہ حکومت امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے سنجیدہ ہے، ہم سیاست کرنے نہیں بلکہ ریاست بچانے کیلئے گئے ہیں،پاکستان کو دہشت گردوں سے پاک کرنا تمام سیاسی جماعتوں اور سیکیورٹی اداروں کا مشترکہ مشن ہے۔
عابد شیر علی نے کہا کہ ہمارا مقابلہ دہشت گردوں کے خلاف ہے،فیصلہ عوام نے کرنا ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں یا دہشت گردوں کے ساتھ ہیں، سیکیورٹی فورسز، ایف سی اور پولیس اہلکاروں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دی ہیں،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عام شہریوں نے بھی اپنا خون بہایا ہے۔ شہدا ءکا خون ہم سے امن و سلامتی کے قیام کا تقاضا کرتا ہے،دہشت گردی کے خلاف متحد ہو کر کھڑا ہونا ہوگا،دہشت گردی کے معاملے پر ہر ایک کو واضح مؤقف اختیار کرنا ہوگا۔
