
انقرہ (ڈیلی پاکستان آن لائن)ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے ریاض پر حوثیوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے اور خطے میں امن کے لیے سفارت کاری پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے دفاعی تعاون کو ادارہ جاتی شکل دینے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔
مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور علاقائی سلامتی کو درپیش نئے چیلنجوں کے تناظر میں ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے سعودی عرب کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ترکیہ خطے میں امن و استحکام کے دفاع کے لیے اپنے اصولی مؤقف پر قائم ہے۔ ترک صدر نے ریاض میں حوثیوں کے حملے کی شدید مذمت کے ساتھ اعلان کیا کہ ترکیہ، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مشترکہ دفاعی معاہدے کو مؤثر اور پائیدار ادارہ جاتی ڈھانچے میں ڈھالنے کا عمل جاری ہے اور معاہدے کی داخلی منظوری کے لیے اسے آئندہ دنوں میں ترک پارلیمان میں پیش کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔
صدر اردوان نے خبردار کیا کہ خطے کو تقسیم اور انتشار سے دوچار کرنے کی کوششیں صرف ان شرپسند عناصر کے مفادات پورے کریں گی جو پورے علاقے کو خون میں نہلانا چاہتے ہیں۔
