
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما و رکن مذاکراتی کمیٹی سید نوید قمر نے کہا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں اور امید ہے کہ کچھ دیر میں معاہدے کا ڈرافٹ تیار ہوجائے گا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سید نوید قمر نے کہا کہ اگر معاملے کا سیاسی حل نہ نکالتے تو حالات شاید کسی کے کنٹرول میں نہ رہتے۔توقع ہے کہ نہ ایمرجنسی لگے گی اور نہ ہی لانگ مارچ ہوگا، معاملات صلح صفائی سے حل ہوجائیں گے۔حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کی کامیابی پر معاہدے کا ڈرافٹ تیار کیا جارہا ہے۔کامیابی جب بھی حاصل ہوتی ہے تو وہ دونوں فریقین کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہوتی ہے۔بلاول بھٹو کی بھی یہ ایک کامیابی ہے کیونکہ انہوں نے مذاکرات پر زور دیا تھا۔
واضح رہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے کی اطلاعات ہیں، جس کے بعد معاہدے کا متفقہ ڈرافٹ تیار کیا جارہا ہے۔
