
جدہ (محمد اکرم اسد) مفتی اعظم سعودی عرب شیخ صالح بن فوزان الفوز نے مملکت کے فوجی اہلکاروں سے کہا ہے کہ وہ حوثیوں کے خلاف لڑائی میں جان قربان کرنے کو تیار رہیں، یہ بیان ایران نواز حوثیوں کی جانب سے مملکت پر بڑھتے حملوں کے وقت میں سامنے آیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کی جانب سے جاری کیے گئے مفتی اعظم کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’اس عظیم ملک کی حفاظت اور اس کی سرزمین کے ایک انچ پر بھی ہاتھ ڈالنے کی کوشش کرنے والوں کو سزا دینا سب سے بڑی ذمہ داریوں اور نیک اعمال میں شامل ہے اور اللہ کی رضا کی خاطر جانیں بھی قربان کی جا سکتی ہیں۔‘
بیان کے مطابق ’محاذ پر خدمات انجام دینے والو بھائیو، آپ پر لازم ہے کہ اپنی ذمہ داری پوری کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہیں اور اپنے فیلڈ کمانڈروں کے احکامات کی پابندی کریں، جیسا کہ اللہ نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھیوں کو حکم دیا تھا۔
آپ نبی کریم کے نقش قدم پر چل رہے ہیں اور مسلمانوں کے مقدس مقامات کا دفاع کر رہے ہیں۔‘
