
پیرس (زاہد مصطفیٰ اعوان) فرانس کے دارالحکومت پیرس میں پیجن فلائنگ کلب کے زیرِ اہتمام کبوتر بازی کے چار فلائنگ ٹورنامنٹس منعقد ہوئے، جن میں بڑی تعداد میں شائقین اور کبوتر پالنے کے شوقین افراد نے شرکت کی۔
ٹورنامنٹس کے دوران دس سے زائد چھتوں سے کبوتروں کو فضا میں چھوڑا گیا، جہاں بہترین پرواز اور کارکردگی دکھانے والے کبوتروں کے مالکان کے درمیان سخت مقابلہ ہوا۔ پہلے ٹورنامنٹ میں چوہدری شمشاد آف بھاؤ اور ناصر کے کبوتروں نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ میاں ساجد گورسی نے بھی پہلی پوزیشن حاصل کرکے انعام اپنے نام کیا۔
دوسرے ٹورنامنٹ میں احسان اور شہبان کے کبوتروں نے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ تیسرے اور چوتھے ٹورنامنٹس میں ریحان کے کبوتروں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشنیں حاصل کیں۔
تقریب کے اختتام پر کامیاب کبوتر بازوں میں کپ اور شیلڈز تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ کبوتر بازی ایک قدیم اور دلچسپ شوق ہے جو پاکستان کے ساتھ ساتھ فرانس اور دیگر یورپی ممالک میں بھی تیزی سے فروغ پا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے مقابلوں کے انعقاد سے پاکستانی کمیونٹی کے افراد کو اپنی ثقافتی روایات اور شوق کو یورپ میں زندہ رکھنے کا موقع ملتا ہے۔
