
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) کراچی کے علاقے لی مارکیٹ میں 6 سالہ بچے محمد ولی کو اغوا کے بعد قتل کر دیا گیا، مقتول کی بوری بند لاش ملی۔ ولی کے قاتل ملزم حمزہ کو اہل علاقہ نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔
نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ کم سن محمد ولی کو پیر کی شام گھر کے باہر سے اغوا کیا گیا تھا، بعد ازاں بچے کی مسخ شدہ لاش بوری میں بند کر کے اہل خانہ کے مطابق 3 منزلہ عمارت سے نیچے پھینکی گئی۔
لی مارکیٹ پنجابی محلے سے پیر کی شام چھ سالہ بچہ محمد ولی چیز لینے نکلا اور لاپتا ہو گیا، اہل خانہ کی جانب سے واقعے کا مقدمہ بھی درج کروایا گیا، منگل اور بدھ کی درمیانی شب بچے کی بوری بند لاش گھر کے قریب سے ملی۔
غم سے نڈھال والدین کا کہنا ہے کہ وہ دو روز تک اپنے معصوم بچے کی تلاش میں رہے، والدہ نے الزام عائد کیا کہ بچے کی مسخ شدہ لاش بوری میں بند کر کے تین منزلہ عمارت سے نیچے پھینکی گئی۔ اہل خانہ کا دعویٰ ہے کہ واردات پڑوسی کے گھر میں ہوئی، جہاں انھیں داخل ہونے سے بھی روکا گیا۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق گرفتار ملزم بچے کا پڑوسی ہے، ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم نے بچے کے ساتھ زیادتی کے بعد اسے قتل کیا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
ملزم نے گرفتاری کے وقت ذاتی رنجش کا دعویٰ کیا تھا، بچے کے والدین کا کہنا ہے کہ ان کی کسی سے دشمنی نہیں، انھیں انصاف چاہیے، حکومتِ سندھ ملزم کو سرعام پھانسی دے۔
واضح رہے کہ مقتول چھ سالہ محمد ولی 5 بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹا تھا۔
