
تہران(ڈیلی پاکستان آن لائن)ایران کے پاسداران انقلاب نے ایک بیان میں کہا ہے کہ انھوں نے خطے میں موجود امریکی فوجی تنصیبات کے 85 اہداف کو نشانہ بنایا۔
اس سے پہلے امریکی فوج کی مرکزی کمان (سینٹ کام) کی جانب سے ایران میں 80 سے زیادہ اہداف کو نشانہ بنانے کا اعلان کیا گیا تھا۔
بی بی سی اردو کے مطابق بدھ کو جاری پاسداران انقلاب کے بیان کے مطابق امریکی فوجی تنصیبات پر کیے گئے حملے اس کا ’ابتدائی جواب‘ ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ سابق ایرانی رہبرِ اعلیٰ کی تدفین میں عوام کی غیر معمولی شرکت کے بعد امریکہ نے ایک بار پھر جنگ بندی اور اسلام آباد معاہدے کی خلاف ورزی کی اور آج علی الصبح ہرمزگان اور ماہشہر کے ساحلی علاقوں میں بعض فوجی اڈوں اور غیر فوجی مراکز پر فضائی حملے کیے۔
بیان میں مزید کہا گیا: ’اس جارحیت کے ابتدائی جواب میں، پاسداران انقلاب کی بحری اور فضائی افواج نے مشترکہ میزائل اور ڈرون کارروائیوں کے ذریعے بحرین میں امریکی بحریہ کے پانچویں بحری بیڑے کے مرکز، پورٹ سلمان اور کویت میں علی السالم فضائی اڈے سمیت 85 اہم امریکی فوجی تنصیبات کو تباہ کر دیا۔‘
پاسداران انقلاب نے ایک امریکی ایم کیو نائن ڈرون مار گرانے کا دعویٰ بھی کیا۔
اس سے قبل کویتی فوج نے اعلان کیا تھا کہ اس کے فضائی دفاعی نظام میزائل اور ڈرون حملوں کا سامنا کر رہے ہیں، جبکہ بحرین میں بھی خطرے کے سائرن بجنے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔
