
اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سردار لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ سلمان اکرم راجہ کی بات کو کوئی اہمیت نہیں دیتا۔
’’جنگ ‘‘ کے مطابق وفاقی آئینی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں لطیف کھوسہ نے کہا کہ ملاقاتوں کے حوالے سے جس رہنما نے بات کی اسے دھیلے کی اہمیت نہیں دیتا۔عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کرواتے ہوئے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ممکن ہوئی، جون کے فیصلے پر عمل درآمد کے لیے ملاقات کروائی گئی۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ آج تک سلمان اکرم راجہ گرفتار بھی نہیں ہوئے، میں تو اُن کی بات کو کوئی اہمیت نہیں دیتا، انہیں تو استعفیٰ دے دینا چاہیے۔اگر اخلاقی جرأت ہے تو سلمان اکرم راجہ سیکریٹری جنرل کے عہدے سے استعفیٰ دے دیں۔منظور نظر وہ ہیں یا میں، یہ فیصلہ آپ کریں، اگر کسی کو تکلیف ہے وہ استعفیٰ دے کر علیٰحدہ ہو جائے۔ یہ 4 گھنٹے کی ملاقات ہوئی جو کوئی چھوٹی ملاقات نہیں تھی۔
