
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان ریلوے نے مسافروں کی سہولت کے لیے نئی پریمیم پارلر سیٹس متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل ’’ اے آر وائی نیوز‘‘ کے مطابق ریلویز کا کہنا ہے کہ نئی پریمیم پارلر سیٹس سے ٹرین کا سفر مزید آرام دہ اور خوشگوار بنانے کی کوشش ہے، پریمیم پارلر سیٹس ابتدائی طور پر ریل کاروں میں نصب کی جائیں گی پھر ان سیٹس کا دائرہ کار مرحلہ وار دیگر ٹرینوں تک بڑھایا جائے گا۔
نئی پارلر سیٹس بعد ازاں شالیمار، گرین لائن اور دیگر ٹرینوں کی پارلر کاروں میں بھی نصب ہوں گی۔ مسافروں کو سفر کے دوران بہتر نشستوں اور اضافی آرام کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے نئی پریمیم پارلر سیٹس کا معائنہ کیا اور سیٹس کے معیار اور آرام دہ ڈیزائن پر اطمینان کا اظہار کیا۔
پاکستان ریلوے نے مسافروں کو جدید اور معیاری سفری سہولیات فراہم کرنے کا عزم کا اظہار ہے۔ نئی پارلر سیٹس کی فراہمی سے ریلوے کے مسافر سفر کے دوران مزید آرام محسوس کریں گے۔
