
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت نجکاری کے عمل کو تیز کر رہی ہے، جبکہ نجکاری کمیشن کو مزید 28 ریاستی ادارے مختص کر دیئے گئے ہیں۔
نجی ٹی وی چینل ہم نیوز کے مطابق پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام پاکستان بینکنگ سمٹ 2026 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ بڑی صنعتوں کی نمو کے باعث گزشتہ مالی سال میں مجموعی قومی پیداوار جی ڈی پی کی شرح نمو 3.7 فیصد رہی، جبکہ ترسیلات زر کی بدولت کرنٹ اکاؤنٹ بھی مستحکم رہا۔
انہوں نے بتایا کہ مالی سال 2025-26 کے دوران ترسیلات زر کا حجم 41 سے 42 ارب ڈالر رہنے کا تخمینہ ہے، جبکہ ویلیو ایڈڈ برآمدات نے بھی معاشی استحکام میں اہم کردار ادا کیا۔زرمبادلہ کے ذخائر 18.4 ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں اور پاکستان نے یورو بانڈز سمیت عالمی سرمایہ مارکیٹوں تک دوبارہ رسائی حاصل کی، جس میں پانڈا بانڈز کو خصوصی اہمیت حاصل رہی ہے۔
