
نیویارک (ویب ڈیسک)عمان کے جنوب مشرقی ساحلی علاقے میں کارگو جہاز پر پروجیکٹائل حملے کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا۔
برطانوی میری ٹائم ایجنسی کی جانب سے بتایا گیا کہ عمان سے ساڑھے 7 ناٹیکل میل کے فاصلے پر موجود جہاز پر حملہ ہوا۔ نامعلوم پروجیکٹائل کے حملے سے جہاز کے اگلے حصے کو نقصان پہنچا۔اس حملے کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں 2 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت 1.52 ڈالر یا 2.1 فیصد اضافے کے بعد 75.26 ڈالر فی بیرل پر بند ہوئی، جبکہ ڈبلیو ٹی آئی خام تیل 1.58 ڈالر یا 2.3 فیصد اضافے سے 71.92 ڈالر فی بیرل پر آ گیا۔خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز خام تیل کی قیمتیں 27 فروری کے بعد اپنی کم ترین سطح پر بند ہوئی تھیں، جو جنگ کے آغاز سے ایک دن قبل کی صورتحال تھی۔
واضح رہے کہ عمان کے قریب کارگو جہاز پر نامعلوم پروجیکٹائل لگنے کے واقعے کے بعد اہم آبی گزرگاہ آبنائے ہرمز سے جہازوں کے انخلا کی کوششیں عارضی طور پر روک دی گئیں، جس سے عالمی سطح پر تیل کی ترسیل کے بارے میں خدشات دوبارہ جنم لے گئے ہیں۔
