
پشاور (ڈیلی پاکستان آن لائن) خیبرپختونخوا میں متنازع مائنز اینڈ منرل بل 2025 دوبارہ زیر غور لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، مائنز بل اور منرل ڈیولپمنٹ کمپنی کے قیام سے متعلق نئی ترامیم لانے کی تیاری شروع کردی گئی ہے، اسمبلی کی خصوصی کمیٹی نے بل میں متعلقہ پہلوؤں، قانونی تقاضوں، صوبائی مفاد اور ارکان اسمبلی کی مشاورت کے بعد ترامیم لائی جائیں گی اور اس کے لیے اسمبلی کی خصوصی کمیٹی نے ارکان اسمبلی سے تجاویز مانگ لی ہیں۔
نجی ٹی وی چینل ’’ایکسپریس نیوز‘‘ کے مطابق خیبرپختونخوا اسمبلی میں ڈیڑھ سال قبل متنازع مائنز اینڈ منرلز بل 2025 پیش کیا گیا، جو پیش ہوتے ہی اپوزیشن ارکان نے مخالفت کی تھی اور حکومتی ارکان کی جانب سے بھی اس بل پر اعتراضات کیے تھے اور ارکان اسمبلی کا مؤقف تھا کہ اس بل کے ذریعے معدنیات کے حوالے سے تمام اختیارات کمپنیوں اور وفاق کو دیے جارہے ہیں، جس کے بعد شدید اعتراضات کے بعد بل مؤخر کرتے ہوئے اس کے لیے ایوان کی خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔
اسپیکر صوبائی اسمبلی نے واضح کیا کہ صوبے کے معدنی وسائل سے متعلق ہر فیصلہ وسیع تر عوامی و صوبائی مفاد، شفافیت اور پارلیمانی مشاورت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔
