
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)سابق گورنر پنجاب اور سرورفاؤنڈیشن کے روح رواں چوہدری محمدسرور اورسرورفاؤنڈیشن کی چیئرپرسن بیگم پروین سرورکی طرف سے لندن میں سرورفاؤنڈیشن کے قابل عزت ڈونرز سمیت سماجی وسیاسی شخصیات کے اعزاز میں پروقارعشائیہ کااہتمام کیا گیا۔
برطانیہ کے منتخب عوامی نمائندوں اور اوورسیز پاکستانیوں کی بری تعداد عشائیہ میں شریک تھی۔ چوہدری محمدسرور اوربیگم پروین سرور نے اپنے اپنے خطاب میں شخصیات کو عشائیہ میں خوش آمدید کہااوران کی غمزدہ انسانیت کیلئے صادق جذبوں کے ساتھ اخلاقی ومالی خدمات کوسراہا۔ انہوں نے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بے شک ان مردوزن کا شمارخوش نصیب ا نسانوں میں ہوتا ہے،جو انسانیت کی خدمت کیلئے اللہ ربّ العزت کاحسن انتخاب ہیں۔غمزدہ انسانیت کیلئے ڈونرز کاجذبۂ ایثار ہماراسرمایہ افتخار ہے۔
عشائیہ کے شرکاء نے پسماندہ آبادیوں میں سفید پوش طبقات کیلئے جدیدواٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب کومستحسن قراردیا۔
چوہدری سرور نے عشائیہ میں فرداً فرداً ڈونرز اورشرکاء سے مصافحہ کیا۔ عشائیہ کے اختتام پر سیلاب زدگان کی بروقت بحالی اورآبادکاری کیلئے اجتماعی دعا کی گئی۔
