جکارتہ(ڈیلی پاکستان آن لائن) انڈونیشیا نے چین سے جدید جے 10 سی لڑاکا طیارے خریدنے کا فیصلہ کرلیا۔چینی میڈیا کے مطابق انڈونیشیا کے وزیرِ دفاع نے

جکارتہ(ڈیلی پاکستان آن لائن) انڈونیشیا نے چین سے جدید جے 10 سی لڑاکا طیارے خریدنے کا فیصلہ کرلیا۔چینی میڈیا کے مطابق انڈونیشیا کے وزیرِ دفاع نے اعلان کیا ہے کہ ملک جلد ہی چین کے جدید جے-10 سی لڑاکا طیارے خریدنے جا رہا ہے جس کے بعد انڈونیشیا جے 10 سی طیارے استعمال کرنے والا تیسرا ملک بن جاے گا۔
جے 10 سی طیاروں کی خریداری کا یہ معاہدہ انڈونیشیا کی تاریخ میں پہلا موقع ہوگا جب وہ چینی ساختہ جنگی طیارے خریدے گا جو اس کی فوجی صلاحیتوں کو جدید بنانے کے منصوبے کا حصہ ہے۔انڈونیشیا کے وزیرِ دفاع سجافری سیامسودین نے بدھ کے روز قومی خبر رساں ادارے انتارا کو بتایا کہ ’ہم جلد ہی جے-10 سی طیارے خریدنے جا رہے ہیں اور وہ بہت جلد جکارتہ کی فضاؤں میں پرواز کرتے نظر آئیں گے‘۔ تاہم انہوں نے طیاروں کی خریداری کے ٹائم فریم یا ترسیل کی تاریخ کے بارے میں کوئی تفصیل نہیں دی۔
فی الحال چین کے علاوہ پاکستان واحد ملک ہے جو جے-10 سی طیارے استعمال کرتا ہے، پاکستان نے 2020 میں 36 جے-10 سی طیارے اور 250 پی ایل-15 ای میزائل آرڈر کیے تھے۔رپورٹس کے مطابق، پاک فضائیہ نے مئی میں بھارت کے ساتھ جھڑپ کے دوران جے-10 سی طیارے استعمال کیے، جنہوں نے بھارتی فضائیہ کے متعدد طیارے، بشمول فرانسیسی ساختہ رافیل طیارے مار گرائے تھے۔
