
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان آج سے 26 نومبر تک اسلام آباد میں انٹرنیشنل نیٹ ورک فار نیوکلیئر سکیورٹی ٹریننگ اینڈ سپورٹ سینٹرز کے 15ویں سالانہ اجلاس کی میزبانی کرے گا۔
دنیا نیوز کے مطابق دفتر خارجہ نے بتایا کہ یہ اجلاس بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے تعاون سے منعقد کیا جائے گا، چار روزہ اجلاس میں آئی اے ای اے اور این ایس ایس سی نیٹ ورک کے 49 رکن ممالک کے نمائندے شرکت کریں گے۔
اجلاس کے دوران جوہری سلامتی سے متعلق تربیت کو بہتر بنانے، بین الاقوامی تعاون مضبوط کرنے اور اس شعبے میں تجربات کے تبادلے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
آئندہ اجلاس میں شریک ممالک اور اداروں کو دنیا بھر میں جوہری سلامتی کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے سامنے آنے والے نئے چیلنجز پر تبادلہ خیال اور بہترین طریقہ ہائے کار کے تبادلے کا موقع ملنے کی توقع ہے۔
پاکستان اس سے قبل 2016 میں بھی این ایس ایس سی نیٹ ورک کے سالانہ اجلاس کی میزبانی کر چکا ہے، اُس وقت اسلام آباد، ویانا میں آئی اے ای اے کے صدر دفتر سے باہر اس اجلاس کی میزبانی کرنے والا پہلا شہر بنا تھا۔
