
لاہور (پ ر) آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کی حکومتِ پنجاب ریکوری کمیٹی کے وفد نے محسن سیال کی سربراہی میں آج دفتر ڈی جی پی آر میں ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز پنجاب شیخ فرید احمد سے ملاقات کی۔ ملاقات میں اخبارات کو درپیش مسائل، سرکاری اشتہارات کے واجبات کی بروقت ادائیگی سمیت پرنٹ میڈیا سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر ڈی جی پی آر شیخ فرید احمد نے وفد کو بتایا کہ اخبارات کے زیرِ التوا بلوں اور واجبات کی ادائیگی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کی خصوصی ہدایات ہیں کہ تمام اخبارات کے واجبات کی بروقت ادائیگی یقینی بنائی جائے تاکہ اخبارات کو درپیش مالی مشکلات کا ازالہ کیا جا سکے۔
