
گلگت(ڈیلی پاکستان آن لائن)پوسٹل بیلٹ پیپرز کی گنتی کے بعد گلگت بلتستان اسمبلی کے حلقہ جی بی اے 16 دیامر 2 کا نتیجہ تبدیل ہو گیا۔
روزنامہ جنگ کے مطابق پیپلز پارٹی کے امیدوار عطا اللّٰہ 13 ووٹوں کی برتری سے کامیاب قرار پائے، جس کے بعد ریٹرننگ افسر نے فارم 49 جاری کر دیا۔پوسٹل بیلٹ کی گنتی میں عطا اللّٰہ نے 6 ہزار 618 جبکہ امام مالک نے 6 ہزار 605 ووٹ حاصل کیے۔
گنتی اور جانچ پڑتال مکمل ہونے کے بعد ریٹرننگ افسر نے صبح نئے نتیجے کا اعلان کیا۔پوسٹل بیلٹ کی گنتی الیکشن ایکٹ 2017ء کی دفعہ 95 کے تحت الیکشن ٹربیونل کے حکم پر کی گئی۔
7 جون کے انتخابات میں پوسٹل بیلٹ کی گنتی کے بغیر امام مالک کو کامیاب قرار دیا گیا تھا، جس کے بعد وہ استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہو گئے تھے۔
پیپلز پارٹی کے امیدوار عطا اللّٰہ نے امام مالک کی کامیابی کا نوٹیفکیشن الیکشن ٹربیونل میں چیلنج کیا تھا۔
عطا اللّٰہ کی کامیابی کے بعد گلگت بلتستان اسمبلی میں پیپلز پارٹی کی نشستوں کی تعداد 16 ہو گئی جبکہ نتیجہ تبدیل ہونے کے بعد استحکام پاکستان پارٹی کے ارکان کی تعداد 6 رہ گئی۔
